Karachi

6/recent/ticker-posts
Visit Dar-us-Salam.com Islamic Bookstore Dar-us-Salam sells very Authentic high quality Islamic books, CDs, DVDs, digital Qurans, software, children books & toys, gifts, Islamic clothing and many other products.Visit their website at: https://dusp.org/

کراچی کا نوحہ

کے الیکٹرک کو ایک عذاب مسلسل کی شکل میں کراچی کے باسیوں پر مسلط کر دیا گیا ہے اور وہ عرصہ دراز سے زائد بلنگ، لوڈ شیڈنگ اور بریک ڈاونز کے عذاب کو جھیل رہے ہیں۔ اِس ظلم پر آواز اُٹھانے والا نہیں سندھ حکومت نے نہ پہلے کراچی کے لیے کچھ کیا اور نہ اب کرنا چاہتی ہے جبکہ مرکزی حکومت کا کردار بھی اِس سلسلہ میں محض ایک تماشائی کا سا ہے۔ کراچی کا انفرا اسٹرکچر تباہ ہو چکا ہے، جگہ جگہ کچرے اور گندگی کے ڈھیر، بند سیوریج لائنوں سے رستا ہو غلیظ پانی، بے ہنگم ٹریفک، ٹوٹی پھوٹی سڑکیں، رہزنی، پانی کی عدم فراہمی، وقت بے وقت کی غیر اعلانیہ طویل لوڈشیڈنگ، سرکاری دفاتر میں راشی عملہ، ٹیکسوں کی بھر مار اور اِسی نوعیت کے دیگر مسائل کی دلدل میں کراچی دھنستا جارہا ہے اور اربابِ اختیار و اقتدار آنکھیں رکھتے ہوئے بھی اندھے بنے ہوئے ہیں اور اِس شہر ستم رسیدہ کو اپنے مفادات کی کُنجی کے طور پر استعمال کرتے چلے آرہے ہیں۔ 

یہ شہر جو ساٹھ فی صد سے زائد محصول حکومت کو ادا کرتا ہے آج نوحہ کناں ہے کہ اُس کی ساکھ، اُس کی خوبصورتی اور اُس کا تشخص برباد کر دیا گیا ہے۔ یہ شہر جس نے ہر آنے والے کے لیے اپنے بازو کشادہ کیے، ہر کس و ناکس کے لیے وسعت قلبی کا مظاہرہ کیا اُس کی بہتری اور اُس کے گمبھیر مسائل کے حل کے لیے کسی کے پاس وقت نہیں، کسی کے دل میں کوئی نرم گوشہ نہیں۔ بے حس حکمرانوں نے روشنیوں کے اِس شہر کو موہنجوداڑو بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ اِس شہر کا میئر بے اختیار ہونے کا رونا روتا رہتا ہے لیکن اِس کے باوجود کرسی سے چپکا ہوا ہے۔ کراچی کے باسیوں اپنے شہر کو صرف تم ہی بچا سکتے ہو۔ ہمت کرو، باہر نکلو اور اپنے شہر کے حقوق کی بحالی کے لیے قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے بھر پور جدوجہد کرو، اپنے حقوق کے لیے اتنی شدت سے آواز بلند کرو کہ اقتدار کے ایوانوں میں بیٹھے حکمرانوں کے کانوں کے پردے پھٹ جائیں اور اُن کے پاس تمہارے مسائل حل کرنے کے علاوہ کوئی چارہ نہ رہے۔

حسن افضال

Post a Comment

0 Comments