Karachi

6/recent/ticker-posts

کراچی گرین لائن منصوبہ

ملک کا صنعتی و تجارتی مرکز اور قومی خزانے کو سب سے زیادہ مالی وسائل فراہم کرنے والا شہر کراچی عشروں سے جس کسمپرسی کا شکار چلا آرہا ہے اس کے نتیجے میں یہاں پورا نظام زندگی چوپٹ ہو کر رہ گیا ہے۔ بجلی ، گیس، پانی، صحت وصفائی اور سیوریج کے علاوہ ٹرانسپورٹ بھی سرفہرست مسائل میں شامل ہے۔ یہ شہر جہاں پچاس سال پہلے سنگل اور ڈبل ڈیکر بسیں ہی نہیں، سرکولر ریلوے بھی لوگوں کو نہایت ارزاں اور آسان سفری سہولت فراہم کرتی تھی، ایک عرصے سے پرائیویٹ بسوں، منی بسوں اور کوچوں سے بھی تقریباً محروم ہو چکا ہے۔ ان حالات میں وفاقی حکومت کے گرین لائن منصوبے کا حصہ بننے والی بسوں کی پہلی کھیپ کا کراچی پہنچنا جو چالیس بسوں پر مشتمل ہے اہل شہر کیلئے یقیناً اچھی خبر ہے۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر اور گورنر سندھ عمران اسماعیل نے اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب میں دعویٰ کیا کہ ہم پہلی بار کراچی میں جدید ٹرانسپورٹ سسٹم لا رہے ہیں۔

یہ گاڑیوں کی پہلی کھیپ ہے، اگلے ماہ مزید 40 بسیں آئیں گی، اس طرح کل 80 بسیں سرجانی ٹاؤن سے گرومندر اور نمائش تک 22 کلومیٹر راہداری پر کام کریں گی۔ بسوں کا کمرشل آپریشن ضروری تیاریوں کے بعد اگلے دو ماہ کے اندر شروع ہو جائے گا ۔ کراچی میں قومی اسمبلی کی 21 میں سے 19 نشستیں حاصل کرنے والی تحریک انصاف کی وفاقی حکومت نے اِس منصوبے پر عملدرآمد کر کے فی الحقیقت اپنی اس ذمہ داری کی ادائیگی کی کوشش کی ہے جو اس پر اہل شہر کے ظاہر کیے گئے اعتماد کی بناء پر واجب تھی۔ گرین بس منصوبے کو رواں رکھنے کے لیے اس کی دیکھ بھال کا مؤثر نظام اور اس پر مستعدی سے عمل ضروری ہو گا کیونکہ ہمارے اکثر منصوبے ایسا نہ ہونے کی وجہ سے بہت جلد زوال پذیر ہو جاتے ہیں۔ امید ہے کہ سرکلر ریلوے اور شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی سے متعلق کے فور منصوبے کی جلد تکمیل بھی حسب وعدہ یقینی بنائی جائے گی ۔

 بشکریہ روزنامہ جنگ

Post a Comment

0 Comments